ملکی ترقی پالیسیوں میں تسلسل سے ہی ہو گی: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی پالیسیوں میں تسلسل رہنے سے ہی آئے گی۔ ہمیں قوم نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے‘ خدارا ہمیں کام کرنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا جو جماعت جمہوری سسٹم سے باہر تھی وہ سسٹم میں آگئی‘ ہم انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں لیکن افسوس پی ٹی آئی منفی سیاست کو پروان چڑھا رہی ہے اور سسٹم میں رہتے ہوئے سسٹم کو تسلیم نہیں کر رہی اگر وہ نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں تو خیبر پی کے میں نیا پاکستان بنا کر دکھائیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ظہرانے سے خطاب کرتے کہا پی ٹی آئی منفی سیاست کو پروان چڑھا رہی ہے۔