• news

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کےلئے الیکشن کمشن کا اعلان

لاہور (چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے 25 نومبر کو صدر کے علاوہ باقی عہدوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے لیے چار رکنی الیکشن کمشن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی الیکشن کمشن کے سربراہ جبکہ دیگر تین ارکان میں پاکستان ریلوے کے نائب صدر سعید اقبال، آرمی سپورٹس کے ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کرنل خالد جبکہ سابق اولمپیئن منظور الحسن سینئر کو ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ عاشورہ کے بعد پی او اے الیکشن کمشن کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں تمام عہدوں کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی طلب کیے جائیں گے جن کو 16 سے 17 نومبر تک حتمی شکل دیکر آویزاں کر دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے گذشتہ ماہ لاہور میں ایسوسی ایشن کا جنرل کونسل اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے 20 کے قریب عہدوں پر الیکشن کے لیے خفیہ رائے شماری کے ساتھ آزاد الیکشن کمشن مقرر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے صاف شفاف الیکشن کرانے کے لیے آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کو الیکشن کمشنر بننے کی شفارش کی تھی جیسے انہوں نے قبول کر لیا تھا۔ الیکشن کمشن کا پہلا اجلاس 10 نومبر کو طلب کئے جانے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن