بھارت نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں 169 رنزسے ہرادیا
کٹاک (اے پی پی)بھارت نے شیکھر دھون اور راہنے کی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 169 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکن ٹیم 363 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں 39.2 اوورز میں 194 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔مہیلا جے وردھنے 43 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ راہانے کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو کٹاک میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکن ٹیم کے قائد اینجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 363 رنز بنائے، دھاون اور اجنکیا راہانے نے ڈٹ کر سری لنکن باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور اوپننگ شراکت میں ٹیم کو 231 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں، دھاون 113 رنز بنا کر اسہان پری ینجن کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد راہانے کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 111 رنز بنا کر رندیو کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، سریش رائنا 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد رندیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 314 کے مجموعی سکور پر کپتان ویرات کوہلی 22 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، رائیڈو بھارت کے پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 27 رنز بنا کر گاماگے کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد وریدمن ساہا اور پٹیل نے مزید نقصان نہ ہونے دیا اور مقررہ اوورز میں ٹیم کا سکور 5 وکٹوں پر 363 تک پہنچا دیا۔ سوراج رندیو نے 3 جبکہ لاہیرو گاماگے اور اسہان پری ینجن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 40 ویں اوور کی دوسری گیند پر 194 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ مہیلا جے وردھنے 43 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، اوپل تھرنگا 28، دلشان 18، کمار سنگاکارا 13، سیکیوج پراسنا 5، کپتان اینجیلو میتھیوز 23، اسہان پری ینجن 12، رندیو 5 اور دھمیکا پریساد صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ ایشانت شرما نے 4 اومیش یاداو اور پٹیل نے دو، دو ایشون اور رائنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔