وفاقی حکومت کا ”وزیراعظم ٹرانسپورٹ سکیم“ شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(این این آئی)پنجاب حکومت کے بعد وفاقی حکومت نے بھی ملک بھر میں نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی کیلئے ”وزیراعظم ٹرانسپورٹ سکیم “شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سکیم کے جلد ازجلد آغاز کے لئے وزیراعظم نواز شریف کابینہ کے اہم وزرا سے مسلسل مشاورت کررہے ہیں۔ سکیم کا مقصد ملک میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔ سکیم میں شامل ہونے افراد کے پاس ہیوی ٹریفک لائسنس لازمی ہوگا، سکیم کو قومی بینک کے توسط سے متعارف کرایا جائے گا، سکیم کی نگرانی کے لئے ایک خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ سکیم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو آسان اور بلا سود قسطوں پررکشے، بسیں اور منی کارگو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، سکیم میں سرمایہ کاری کے لئے ملکی اور غیر ملکی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی۔وفاقی حکومت ان کمپنیوں کو پیشکش کرے گی کہ وہ اپنی گاڑیاں آسان قسطوں پر نوجوانوں کو فراہم کریں، قسطوں کی وصولی کی ذمے داری حکومت لے گی، سکیم کے تحت گاڑیاںکمپیوٹرائز قرعہ اندازی کے ذریعے دی جائیں گی۔ سکیم کے آغاز کے لئے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی جو سکیم کے لئے پالیسی تیار کرے گی، سکیم میں حکومت مختلف گاڑیوں پر سبسڈی کی مد میں ہر گاڑی پر 5 سے 10 فیصد رقم جاری کرے گی اور 90 سے 95فیصد رقم گاڑی حاصل کرنے والا فرد5 سے 10 سال کے دوران قسطوں میں ادا کرے گا، سکیم کے تحت ملک بھر میں مختلف اقسام کی مرحلہ وار3 سے 5 لاکھ گاڑیاں دی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 50 ہزار گاڑیاں قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، سکیم کے طریقہ کار کو 2ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور آئندہ سال کے اوائل میں شروع کیا جائے گا، سکیم میں شمولیت کی شرائط آسان ہوں گی۔
وزیراعظم ٹرانسپورٹ سکیم