• news

عمران خان اسمبلی میں واپس آجائیں انہیں کچھ نہیں کہا جائیگا: حافظ حسین

بہاولپور (نامہ نگار) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ناموس رسالت کے قانون کو ختم کرنے کے لئے حکومت پر عالمی دباﺅ ڈالا جا رہا ہے مگر ہم ناموس رسالت کے قانون پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام نے تمام دینی سیاسی جماعتوں کو ایک بار پھر دستک دی ہے۔ وہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل جے یو آئی مفتی سید مظہر اسعدی، قاری یٰسین صدیقی، قاری عبدالقدیر قریشی، قاری محمد اسلم ایڈووکیٹ، محمد افضل قریشی، قائم مقام امیر بہاولپور بھی موجودتھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے مو¿قف میں واضح تبدیلی آچکی ہے، ہم عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی اس تبدیلی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرکے اسی نظام کاحصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی ہے جسے وہ کرپٹ کہتے تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے فیصلے کے مطابق استعفیٰ دیا لیکن تحریک انصاف نے ملتان میں ضمنی الیکشن کے موقع پر عامر ڈوگر کی حمایت کی۔ جیتنے کے بعد خرگوش کی رفتار سے اسے اسمبلی میں بھیجا جبکہ خود استعفوں کے معاملے میں کچھوے کی رفتار اختیار کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا آئین میں انتخابات کی مدت پانچ سال مقرر ہے ہم نظام کا تسلسل چاہتے ہیں تمام معاملات پارلیمنٹ میں ہی طے ہونے چاہئیں۔ مولانا فضل الرحمن پر قاتلانہ حملہ پر وزیر داخلہ نے مذمت تک نہیںکی۔ ہم وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں چودھری نثار کو ان کے عہدہ سے ہٹایا جائے ۔ انہوں نے کہا عمران خان پارلیمنٹ میں واپس آجائیں تو انہیں کچھ نہیںکہا جائے گا۔ شیخ رشید نے اب تک شادی نہیں کی اور وہ عمران خان کے دھرنے میں عبداللہ دیوانہ بنا ہوا ہے۔ شیخ رشید احمد ہمارے منہ نہ کھلوائیں شیخ رشید اگر تم جلسوں میں ہمارے قائد کے بارے میں گھٹیا زبان استعمال کرو گے تو ہم بھی جواب دینا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بہاولپور صوبہ کی بحالی کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا جاوید ہاشمی ایک کٹی پتنگ ہیں۔
حافظ حسین احمد

ای پیپر-دی نیشن