مقبوضہ کشمیر : حریت رہنماﺅں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری‘ عاشورہ کے ھلوسوں پر پابندی‘ کرفیو نافذ
سری نگر (آن لائن + کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتی حکومت کی طرف سے آزادی پسندوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، نعیم خان سمیت درجنوں حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے بعد مزید گرفتاریاں کی جا رہی ہیں جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی علاج معالجہ کیلئے سرینگر سے نئی دہلی چلے گئے ہیں۔ حریت ترجمان کے مطابق علی گیلانی کئی دنوں سے دل کی دھڑکن میں شدت محسوس کر رہے تھے اس لئے چیک اپ کیلئے گئے ہیں۔ واضح رہے 25 نومبر سے مقبوضہ وادی میں 87 نشستوں کیلئے مرحلہ وار الیکشن شروع ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے محرم الحرام کے عاشورہ جلوسوں پر پابندی لگا دی ہے جبکہ سرینگر سمیت دیگر شہروں میںکرفیو نافذ کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی اضافی نفری عینات کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 8 اور 10 محرم الحرام کو عزاداری کے جلوسوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ادھر دہلی روانگی کے موقع پر سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت جب یہاں کے عوام کی کمر تباہ کن سیلاب نے توڑ رکھی ہے اور گھر گھر ماتم چھایا ہوا ہے کٹھ پتلی حکومت لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔ ایسے میں الیکشن کا بگل بجانا ظلم عظیم ہے۔ الیکشن کے لئے پوری وادی کو جیل خانہ بنا دیا گیا۔ وادی کو طاقت کی بنیاد پر خاموش قبرستان بنا دیا ہے ۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی پولیس کی جانب سے حریت لیڈران اور کارکنوں کی گرفتاریوں سے سیلاب زدگان کیلئے ریلیف کی کارروائیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ بلاجواز گرفتار شدہ حریت لیڈروں اور دیگر سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں کا نوٹس لے اور حریت لیڈران کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ ادھر حریت کانفرنس (جے کے ) کے ترجمان نے پابندیوں ،رہنماﺅںا ورکارکنوںکی گرفتاریوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری ماحول میں ہر ایک کو اپنی آواز پہنچانے کا حق ہے اور عوام کو ہی اس بات کا اختیار حاصل ہونا چاہئے کہ وہ دلیل کی بنیاد پر کسی بات یا نظریہ کو قبول یا رد کرے۔ ترجمان نے موجودہ ریاستی انتخابات کو یک طرفہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور بھارتی فورسز کے بل پر کرائے جارہے انتخابات ایک فوجی ڈرامہ ہے ان انتخابات کی دنیا کی نظروں میں کوئی وقعت نہیں۔
کےک ڈاﺅن