• news

عمران دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام، 4 سال انتظار کریں: آفتاب شیرپاﺅ

صوابی (نوائے وقت نیوز) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاﺅ نے کہا ہے کہ دھرنوں سے حکومتیں تبدیل ہو جائیں تو انتخابات کی ضرورت ہی نہیں، نیا پاکستان بنانے والے نیا خیبر پی کے بھی نہیں بنا سکے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران آفتاب شیرپاﺅ کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے عوام صوبے میں تبدیلی کے منتظر ہیں۔ پولیو کے سب سے زیادہ کیسز خیبر پی کے میں سامنے آئے ہیں، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عمران خان دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام کرکے الیکشن کا انتظار کریں۔
 اگر کوئی غلط کام ہوتا ہے تو عمران کہتے ہیں یہ نواز شریف کی وجہ سے ہوا ہے، پاکستان میں جو بھی اچھا کام ہوتا ہے عمران خان کہتے ہیں وہ ان کی وجہ سے ہوا ہے۔ حال ہی میں پٹرول کی قیمت کم ہوئی، عمران خان کہتے ہیں یہ ان کی وجہ سے کم ہوئی۔ عمران خان ایک سال تک کچھ نہیں بولے پھر ان کو دھاندلی یاد آئی۔ کیا دھاندلی صرف پنجاب اور سندھ میں ہوئی؟ خیبر پی کے میں نہیں ہوئی؟ اگر دھرنوں سے تبدیلی آتی ہے تو خیبر پی کے اسمبلی کے باہر ہم دھرنا دے دیتے ہیں لیکن ہم نے جمہوریت کی خاطر دھرنے نہیں دئیے۔ آفتاب شیرپاﺅ نے کہا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ دھرنے کے زور پر حکومت ختم کر دیں گے۔ عمران 4 سال انتظار کریں، اگر مینڈیٹ ملتا ہے تو اقتدار سنبھال لیں۔
آفتاب شیرپاﺅ

ای پیپر-دی نیشن