پٹرول، ڈیزل سمیت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے: خورشیدشاہ
سکھر (آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے حکومت سے ڈیزل‘ پٹرول سمیت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا مطالبہ کردیا، ہم کمزور ہونگے تو داعش جیسی دہشت گردی تنظیمیں ملک کی طرف رخ کرینگی،وزیر اعلیٰ سندھ کو تبدیل کرنے کے حوالے سے اب تک پارٹی میں کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فلور آف دی ہائوس میں حکومت پر پریشر ڈالا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں میرے مطالبے پر حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں کم کیں جو خوش آئندہے۔ ڈیزل اور پیٹرول کی مزید چار روپے جبکہ بجلی کی قیمتیں بھی کم کی جائیں حکومت کی نیک نامی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی بات کرنے والے عمران خان کنویں میں بیٹھ کر ٹرائیں ٹرائیں کیوں کر تے ہیں جہاں انہیں حکومت ملی وہاں نوجوانوںکیلئے کیا اقدامات کئے، اپنے آبائی حلقے سے ہارنے والے کو پورے ملک سے جیتنے کی خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ دھرنوں سے معیشت کو بہت نقصان ہوا، نواز شریف کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاکر عوام میں جانا چاہیے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت اور پی ٹی آئی ڈائیلاگ پر آئیں سیاست میں کسی بھی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا حکومت کی مدت پانچ سال سے کم کرکے چار سال کردی جائے۔ حکومت کا کہنا تھا کہ ہمیں پانچ سال کا منڈیٹ ملا ہے لیکن اگر اگر موجودہ حکومت بھی اپنا وقت چار سال کردے تو کافی مسائل حل ہوجائیں گے۔