واہگہ بارڈر خودکش حملے کیخلاف سنی تحریک، ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے مظاہرے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) واہگہ بارڈر کے قریب خودکش حملے کیخلاف پاکستان سنی تحریک اور ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے زیراہتمام لاہور میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عبد الرسول خان نے کہاکہ دہشت گرد ضرب عضب آپریشن کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، نہتے اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے اپنے منفی عزائم کو ایک بار پھر ظاہر کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے گذشتہ روز گلبرگ میں ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا اور دہشتگردی و خودکش حملوں کیخلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد ممتاز اعوان، مفتی عاشق حسین، مولانا الطاف الرحمن، قاری محمد حنیف حقانی، مولانا محمد اسلم ندیم، ڈاکٹر شاہد نصیر، علامہ شعیب الرحمن اور حافظ محمد یعقوب شاہ نے کہا کہ دہشتگردی و شدت پسندی سراسر بیرونی ایجنڈا ہے۔ وطن عزیز میں ہونیوالی بد ترین دہشتگردی درحقیقت ملک دشمنوں کی طرف سے ملک و قوم پر مسلط کردہ دشمن کی غیر اعلانیہ جنگ ہے پورہ قوم ملکی امن و سلامتی دشمنوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔