’’پتھرائو کرنے والے فلسطینیوں کو20 برس قید ہو گی‘‘ اسرائیلی پارلیمنٹ میں بل منظور
مقبوضہ بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) اسرائیلی پارلیمنٹ میں پتھراؤ پر سزا کا بل منظور کر لیا گیا۔ پتھراؤ کرنے والے فلسطینیوں کو 20 سال قید ہو گی۔جبکہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع دو سرحدی گذرگاہوں کو لوگوں اور اشیاء کی آمدورفت کے لیے تاحکم ثانی بند کر دیا۔ اسرائیلی فوج کی ایک خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایریز اور کیرم شالوم کراسنگ پوائنٹس کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔ البتہ ان دونوں داخلی راستوں سے صرف انسانی امداد غزہ لے جانے کی اجازت ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام جمعہ کو غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے جنوبی علاقے کی راکٹ فائر کیے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ راکٹ ایشکول کے علاقے میں گرا تھا لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ 16 ستمبر کے بعد غزہ سے اسرائیل کی جانب یہ پہلا راکٹ فائر کیا گیا ہے اور غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ پچاس روزہ جنگ کے خاتمے کے بعد یہ دوسرا راکٹ حملہ ہے۔