آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد دہشت گرد شہروں میں داخل ہو چکے: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ واہگہ بارڈر پر دہشت گردی میں ملک دشمن عناصر شامل ہیں لیکن اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی عوام کے حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت محرم کی جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آنکھیں کھلی رکھیں تاکہ امن کے دشمن کو اپنے مذموم عزائم میں کامیابی نہ مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ جلد ہی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سیالکوٹ میںجدید برن یونٹ قائم کیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے ایم پی اے منشا اللہ بٹ اور چودھری محمد اکرم کے ہمراہ ماتمی جلوسوں کے روٹوں کا معائنہ کیا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد دہشت گرد عناصر نے شہروں کا رخ کرلیا۔ عالمی طاقتوں کی جانب سے یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی جس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا یہ بات درست ہے کہ دہشت گرد ملک کے مختلف شہروں میں داخل ہوچکے ہیں مگر دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں۔ دہشت گرد کراچی، پشاور سمیت دیگر شہروں میں تباہی کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ عاشورہ پر ملک بھر میںحفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔