6 ماہ میں پولیو ختم کر دینگے‘ ویراعظم: پرویز خٹک کی اجلاس میں شرکت‘ نوازشریف سے ملاقات
اسلام آباد (بی بی سی + آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف نے انسداد پولیو سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو قومی ایمرجنسی ہے اور اس کے خلاف جنگ جیتنا ضروری ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ چھ ماہ میں ملک سے پولیو کو ختم کر دیں گے۔ پولیو کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے انہوں نے کابینہ کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انسداد پولیو کی کابینہ کمیٹی داخلہ، دفاع اور صحت کے وزرا پر مشتمل ہوگی جبکہ انسداد پولیو فوکس گروپ ہر 15 روز بعد وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کا مستقل داؤ پر لگا ہوا ہے اور ان کے مستقبل کو ہر صورت میں محفوظ بنانا ہو گا۔ ہم اپنے بچوں کو اس بیماری سے معذور ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ اس لیے پولیو کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی غفلت مجرمانہ ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کا ایک ایک بچہ میرا اپنا بچہ ہے اور سب مجھے جان سے زیادہ عزیز ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے قبائلی علاقوں میں کامیابی سے جاری فوجی آپریشن کے باعث ان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں جن تک پہلے رسائی نہیں تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پولیو جیسی بیماری سے پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک محفوظ رہیں۔ انسداد پولیو کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکام کے علاوہ یونیسیف، عالمی بنک، عالمی ادارہ صحت، جائیکا کے نمائندے بھی شریک تھے۔ جاری بیان کے مطابق جاپان پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کو 55 کروڑ روپے فراہم کرے گا جبکہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پولیو کے خاتمے کیلئے 37 ارب روپے دیں گے۔ اجلاس میں صوبائی حکام نے اپنے اپنے صوبوں میں پولیو کیسز اور اس مرض کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بتایا کہ گذشتہ تین سال کے دوران پنجاب میں پولیو کے تین کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث صوبے میں پولیو ایمرجنسی نافذ کی ہے اور ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ تاہم خیبرپی کے میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے پولیو مہم میں مشکلات ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران بلوچستان میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ گذشتہ 14 سال میں آزاد کشمیر میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی اور پرویز خٹک نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات بھی کی جس کے بعد ان کے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں شرکت کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے ملک بھر میں گیس مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے فلیٹ ریٹ ہی برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ابھی چند دن پہلے عوام کو تیل کی قیمتیں کم کر کے خوشی دی، ابھی سے ہی گیس کی قیمت میں اضافہ کر کے عوام کی خوشیاں نہیں چھین سکتے۔ گیس مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز آئی ایم ایف کی طرف سے دی گئی تھی۔ دریں اثناء وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ترجمان نعیم ملک نے کہا ہے کہ موسم سرما کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز اوگرا یا وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو نہیں بھجوائی گئی، نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔