• news

بھارت: دہشت گردی کا خدشہ‘ کولکتہ میں الرٹ‘ 2 بحری جہاز کھلے سمندر میں بھیج دیئے

نئی دہلی (آن لائن +  اے ایف پی) بھارتی بحریہ نے شدت پسندوں کے حملے کی انٹیلیجنس رپورٹس کے پیش نظر ملک کی مشرقی بندرگاہ کولکتہ سے دو بحری جہازوں کو کھلے سمندر میں بھیج دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کولکتہ کی پولیس اور بحریہ کے حکام کے مطابق اطلاعات ملی تھیں کہ شدت پسند کولکتہ کی بندرگاہ اور شہر پر حملہ کر سکتے ہیں۔یہ قدم ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب چند روز قبل واہگہ بارڈر پر پاکستان میں ایک خودکش حملے میں 60 افراد جاں بحق  ہوگئے تھے۔بھارتی بحریہ کے ترجمان کیپٹن ڈی کے شرما کے مطابق  آئی این ایس کھکری اور آئی این ایس سمیترا جو کولکتہ کی بندرگاہ پر لنگر انداز تھے کو ’آپریشنل وجوہات‘ کی بنا پر کھلے سمندر میں جانے کا حکم دیا گیا۔ بھارتی کوسٹ گارڈ سے سینیئر اہلکار بی این مہوتا نے بتایا ’ہمیں  سینٹرل اینٹیلیجنس ایجنسیز کی جانب سے ایک فیکس موصول ہوا جس میں کولکتہ شہر اور خاص طور پر بندرگاہ کے علاقے میں ممکنہ شدت پسندوں کے حملے کے بارے میں الرٹ کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا  کہ ہم نے خلیج بنگال میں ہوور کرافٹ کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے تاکہ رات کو بھی زیادہ بہتر پہرہ دیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن