• news

استعفی منظور نہ کیا جائے‘ پی ٹی آئی کے ایم این اے سراج محمد کی استدعا سپیکر نے قبول کر لی

اسلام آباد (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے نوشہرہ سے رکن قومی اسمبلی سراج محمد خان نے پارٹی قیادت سے بغاوت کر کے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے سراج محمد خان کی استعفیٰ منظور نہ کرنے کی استدعا قبول کر لی ہے۔ پارٹی قیادت سے بغاوت کرنے والے ارکان کی تعداد چار ہو گئی، چار میں سے تین وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے عزیز یا ان کی سفارش پر ٹکٹ حاصل کرنے والے ہیں۔ سپیکر آفس ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کو چند روز قبل سراج محمد خان کی استدعا موصول ہوئی جس میں انہوں نے سپیکر سے درخواست کی کہ وہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھجوایا گیا ان کا استعفیٰ منظور نہ کریں کیونکہ ان کا استعفیٰ ان کی آزادانہ مرضی کی بجائے پارٹی قیادت کے دباﺅ پر لیا گیا۔ قبل ازیں گلزار خان‘ ناصر خٹک اور انیسہ خٹک سمیت تین ارکان پہلے ہی پارٹی فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاسوں میں شرکت کر چکے ہیں جس پر پارٹی قیادت نے تینوں ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔ تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے استعفے سپیکر کے پاس موجود ہیں تاہم سپیکر سیکرٹریٹ نے تصدیق کر دی ہے کہ سراج محمد خان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا جا رہا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مزید 2 ارکان قومی اسمبلی سلیم الرحمان اور قیصر جمال بھی استعفیٰ منظور کرانا نہیں چاہتے جس کے لئے وہ سپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی رکن استدعا

ای پیپر-دی نیشن