ملک کا وجود خطرے میں‘ انتخابات اور بیلٹ پیپر سے عوام کا اعتماد اٹھ رہا ہے : سراج الحق
لاہور +گوجرانوالہ(ثناءنیوز+نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ انتخابات اور بیلٹ پیپر پر سے عوام کا اعتماد اٹھتا جارہا ہے قائداعظم نے پاکستان اسلام کی تجربہ گاہ کے لےے بنایا مگر حکمران یہاں کرپشن اور لوٹ مار کے تجربے کرتے آرہے ہیں اہل پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ 21نومبر کو مینار پاکستان سے شروع ہونے والی تحریک میں شامل ہوجائیں۔ جماعت اسلامی ایسا نیا اسلامی پاکستان بنانا چاہتی ہے جہاں زندگی کی تمام سہولتیں مساوات کی بنیاد پر حاصل ہوں۔ عمران سے ملاقات ہوئی جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید احمد شاہ کا بھی فون آیا ہے وہ اپنی جماعت کے اندر اور دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد اپوزیشن لیڈر کے لیے نام دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان پر 21نومبر تا 23نومبر ہونے والے اجتماع عام سے متعلق بریفنگ کے بعد خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ 23مارچ 1940 کو اس مقام سے شروع ہونے والی تحریک کے نتیجہ میں مملکت پاکستان کا قیام عمل میں آیا جس میں مدینہ منورہ جیسی ریاست کا نظام مقصود تھا مگر قائداعظم محمد علی جناح کے بعد اس مملکت پر اشرافیہ نے قبضہ کرلیا جنہوں نے عوام کو محکموم بنایا ان کی لوٹ کھسوٹ کے باعث آج ہمارے ہر بچے کا بال بال قرضہ میں جکڑا ہوا ہے۔ اجتماع عام میں کراچی سے چترال تک لاکھوں لوگ شرکت کریں گے۔ وسائل پر قابض مٹھی بھر اشرافیہ کا طبقہ پاکستان کی جغرافیہ کا بھی دفاع نہیں کرسکا۔ مشرقی پاکستان میں جماعت اسلامی کے جن رہنماو¿ں نے پاکستان کا ساتھ دیا انہیں بنگلہ دیش میں پھانسیاں دی جارہی ہیں اور ہمارے حکمران خاموش ہیں۔ پاکستان اس وقت چاروں اطراف سے محاصرے میں ہے اور اس کا وجود خطرے میں پڑ چکا ہے۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ استعماری قوتوں کے دباو¿ پر شام اور عراق اور مصر کی طرح یہاں ہماری تحریک کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔ ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں ملک کی باگ ڈور رہی تو ہمارا کل بہتر نہیں ہوسکتا۔گوجرانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا ہے کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام سیاستدان ایک میز پر اکٹھا ہوں کیونکہ سیاسی لیڈروں کی وعدہ خلافی کی وجہ سے لوگ اداکاروں، فنکاروں، سیاسی پنڈتوں اور فوجی جرنیلوں کے دھوکے میں آجاتے ہیں۔ کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کے قتل کے حوالے سے سراج الحق نے کہاکہ یہ انتہائی زیادتی ہے اور ملزمان کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئے۔