بھارتی ٹیم کو پاکستان کیلئے ویزے جاری نہ ہو سکے
لاہور (چودھری اشرف) تیسری ساؤتھ ایشین ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے انعقاد میں تین روز باقی رہنے کے باوجود بھارتی حکومت اور پاکستانی سفارتخانے کی سست روی کے باعث بھارتی ٹیم کو پاکستان کیلئے ویزے جاری نہیں ہو سکے ہیں۔ 11نومبر سے اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں شروع ہونیوالی چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے غیرملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ کل سے شروع ہو گا ۔ چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، افغانستان، نیپال، مالدیپ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھوٹان حصہ لینگے۔ پاکستان فٹبال حلقوں سے قومی ٹیم کی حالیہ دورہ بحرین کی یونیفارم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور تحفظات کااظہارکیا ہے جس میں قومی ویمن کھلاڑیوں نے شاٹ نیکر پہن کر میچز کھیلے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں ہماری خواتین اس یونیفارم میں کھیلیں تو بعض حلقوں کی جانب سے کھلاڑیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایونٹ کیلئے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا کو چیف آرگنائزنگ مقرر کیا گیا ہے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اے ایف سی پریذیڈنٹ شیخ سلمان الخلیفہ ہونگے۔ ذرائع تصدیق کی کہ بھارتی حکومت نے ابھی تک ویمن فٹبال ٹیم کو این او سی جاری نہیں کیا ہے اور نہ ہی بھارت میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے مہمان ٹیم کی آمد کے حوالے سے کوئی اقدام کیا ہے۔ بھارتی ٹیم کے نہ آنے سے کئی سوالات جنم لیں گے جبکہ حکومت پاکستان نے تمام ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی پہلے سے تمام ممالک کو یقین دہانی کرا رکھی ہے۔