قائداعظم ٹرافی گولڈ : عمر صدیق، رحمان مزمل، محمد وقاص کی سنچریاں
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ہائر قائداعظم ٹرافی گولڈ کا پانچواں مرحلہ شروع ہو گیا۔ عمر صدیق، رحمان مزمل اور محمد وقاص نے سنچریاں سکور کیں۔ لاہور لائنز نے پہلے روز پورٹ قاسم کے خلاف میچ کے پہلے روز عمر صدیق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 4 وکٹوں پر 300 رنز بورڈ پر سجا دیئے۔ پورٹ قاسم کیخلاف لاہور لائنز ٹیم نے 4 وکٹوں پر 300 رنز بنائے۔ عمر صدیق 166 کے سکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔سوئی گیس کیخلاف راولپنڈی ریمز کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 158 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ بلاول بھٹی اور عمران علی نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سوئی گیس ٹیم نے 26 رنز کے عوض دو وکٹیں گنوا دی تھیں۔واپڈا کیخلاف اسلام آباد لیپرڈز نے 6 وکٹوں پر 255 رنز بنا لیے۔ پشاور پینتھر کی ٹیم 160 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی‘ زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے تین وکٹوں پر 78 رنز بنالئے۔ ملتان ٹائیگرز کی ٹیم نے رحمان مزمل کی سنچری کی بدولت پانچ وکٹوں پر 246 رنز بنائے۔ رحمان مزمل نے 111 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیشنل بنک کے عطا اﷲ کی شاندار باولنگ کے سامنے کراچی ڈولفنز کی ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد وقاص نے 105 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی لاج رکھ لی۔ نیشنل بنک کی جانب سے عطا اﷲ نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔