• news

وادی تیراہ : فورسز کی کارروائی میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک‘ مہمند ایجنسی : دو بم دھماکے‘ امن لشکر کے دو کارکنوں سمیت چھ شہید

خیبر ایجنسی + پشاور+ بنوں (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6دہشت گرد مارے گئے اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ مہمند ایجنسی میں 2بم دھماکوں کے دوران امن لشکر کے 2رضاکاروں سمیت 6افراد شہید اور 3زخمی ہو گئے۔ بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا جبکہ پشاور کے علاقے گلبہار میں فائرنگ سے مذہبی رہنما ناصر عباس جاں بحق ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی تحصیل وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھاری توپ خانے سے علاقہ اکاخیل، سپاہ میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور گولہ باری کی جس سے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ آپریشن خیبرون کامیابی سے جاری ہے۔ ادھر مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں 2بم دھماکوں میں 6افراد جاں بحق اور 3شدید زخمی ہو گئے۔ وزیراعظم نواز شریف‘ وزیر داخلہ چودھری نثار، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو مکمل علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے چنیاری کے قریب امن کمیٹی کی گاڑی اور مسافر وین کے قریب ریموٹ کنٹرول 2 بم دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں امن کمیٹی کے سربراہ کے بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور دیگر نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور خطے کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کریں گے، کسی کالعدم تنظیم کو رعایت نہیں دیں گے۔ ادھر بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ میریان میں یہ اہلکار اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو بنوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکار آپس میں بھائی ہیں۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ اور تھانہ فقیر آباد پولیس نے قاضی کلے میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مہمند ایجنسی کے رہائشی تاجر کے گھر کے قریب نصب 12کلو گرام وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔
بم ناکارہ

ای پیپر-دی نیشن