• news

سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے مقدمات سماعت کیلئے مقرر کردیئے

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مقدمات سماعت کے لیے مقررکردئیے ہیں، جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ پیر کو وطن پارٹی کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیس کی سماعت کرے گا۔ یہی بنچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے دائردرخواست کی بھی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل تین رکنی بنچ بارہ نومبر کو پروین رحمان قتل کیس اور اسلام آباد کچہری خود کش حملہ کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ گیارہ نومبرکو غلام رسول بنام فیڈریشن کے تحت ملک بھرکے اہم اداروں کے سربراہوں کی عدم تقرری بارے کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس ناصراملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد بارے کیس کی سماعت 13 نومبر کوکرے گا۔

سپریم کورٹ

ای پیپر-دی نیشن