قومی اسمبلی قواعد و ضوابط کمیٹی میں بے گناہی ثابت کرنے کیلئے چیف پوسٹ ماسٹر فیصل آباد کا قرآن پر حلف، ڈاکٹر نثار کا ماننے سے انکار
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے قواعد و ضوابط میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کےلئے چیف پوسٹ ماسٹر فیصل آباد نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھا لیا لیکن رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے انکی گواہی اور قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھانے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے بے گناہی ماننے سے انکار کردیا ۔ چیئرمین کمیٹی نے اجلاس کو معطل کردیا، بعدازاں اجلاس کو ملتوی کردیا۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چودھری اسد الرحمن کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار جٹ نے چیف پوسٹ ماسٹر نعمان صلاح الدین کے خلاف تحریک استحقاق پر کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کیا کہ میں اور میرے ساتھی جب چیف پوسٹ ماسٹر کے آفس گئے تھے تو چیف پوسٹ ماسٹر نے میرے اُوپر بندوق تانی تھی اور میرے ساتھ انتہائی بدتمیزی سے پیش آیا اور کہا جاﺅ جو کرنا ہے کرلو۔ نثار جٹ نے کمیٹی سے مطالبہ کیا اگر میں جھوٹا ہوں یا میرے ساتھ قرآن پر حلف دیں گے اگر چیف پوسٹ ماسٹر سچے ہیں تو وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے قرآن پر حلف اٹھالیں گے ۔ ڈی جی پوسٹ پاکستان نے کہا کہ اس معاملے کی ملک کی تمام سکیورٹی ایجنسیاں اور پنجاب پولیس سمیت انکوائری کر چکی ہیں انکوائری رپورٹ پیش کی گئی ہے جس کے مطابق چیف پوسٹ ماسٹر پر رکن قومی اسمبلی نے غصہ میں آکر تشدد کیا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ آفس میں توڑ پھوڑ کی۔ اس موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے قرآن پاک اپنے ساتھ لائے تھے اور اس پر ہاتھ رکھ کر اپنی بے گناہی ثابت کردیا ہے جس پر اراکین کمیٹی نے کہا یہ بہت بڑا ظلم ہوا ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔
قرآن/ حلف