• news

گوانتاناموبے میں قید پاکستانی کی رہائی، وزارت داخلہ، خارجہ اور دفاع سے جواب طلب

اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی شہری غلام احمد ربانی جو کہ گوانتاناموبے جیل میں 12 برس سے قید ہے کی رہائی کے لئے دائر درخواست پر وزارت داخلہ سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے وزارت داخلہ، خارجہ اور دفاع کو نوٹسزجاری کر دیئے ہیں۔جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں محمد شفی کیس کی سماعت ہوئی ۔جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل مرزا شہزاد اکبر نے عدالت کو بتایا کہ غلام احمد ربانی جو کہ پاکستانی شہری کراچی کا رہائش پذیر تھا سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں ایجنسیوں نے اسے گرفتار کیا۔گرفتار کرنے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں قید رکھا گیا۔بعد ازاں حکومت نے غلام احمد ربانی کو امریکی حکومت کے حوالے کر دیا۔ فاضل وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ12 سال جیل میںقید ہیں کوئی الزام بھی ثابت نہیں ہوا اور حکومت نے بھی رہائی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور نہ ہی حکومت نے کونصل رسائی کے لئے اقدامات کئے۔مذکورہ دلائل کے بعد عدالت نے غلام احمد ربانی کیس میں وزارت داخلہ سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے لیکن سابق صدر پرویز مشرف کو نوٹس جاری نہیں ہوا۔
قیدی / نوٹس

ای پیپر-دی نیشن