• news

امریکی غلام بوریا بستر گول کر لیں، حکمرانوں نے عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ مزید ذلت اور رسوائی سے بچنا چاہتا ہے تو افغانستان سے فوجیں نکال لے۔ مغرب اور امریکہ کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ جدید ترین جنگی ٹیکنالوجی سے ایمان کی قوت کو شکست نہیں دے سکتے۔ آئندہ چند سالوں میں پاکستان اور افغانستان میں اسلامی نظام کا نفاذ دیکھ رہا ہوں، ہم جذباتی لوگ نہیں کہ کفر کے مقابلے میں ہتھیار اٹھا کر پہاڑوں پر چڑھ جائیں ہم دلیل کی قوت سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ دشمن کے پاس اسلام کی روشن تعلیمات کے مقابلے میں کوئی دلیل نہیں اسی لئے وہ ہتھیار اٹھا کر دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ مغربی استعمار اور امریکی غلام پاکستان سے بوریا بستر گول کر لیں عوام اب انہیں مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں، سیاسی فنکاروں اور اداکاروں کا دور گزر چکا، مستقبل اسلام کا ہے اور 21نومبر کو لاکھوں عاشقان مصطفیﷺ مینار پاکستان پر جمع ہوکر ملک میں لا الہ الا اللہ کے نظام کے نفاذ کا عہد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کے پروردہ چند خاندانوں نے18کروڑ انسانوں کو قید کر رکھا ہے، عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے کمیشن خور عیش کر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے عوام کو بھیڑ بکریا ں سمجھ رکھا ہے، خیبر پی کے میں 56 ہزار لوگوں کو قتل کردیا گیا اور کراچی میں 24ہزار شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا مگر کسی کے قاتل نہیں پکڑے گئے اور نہ کسی کو سزا ہوئی ہے۔ دریں اثناءنیشنل لیبر فیڈریشن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ اوجی ڈی سی ایل اور دیگر قومی اداروں کی نجکاری قبول نہیں۔ اس موقع پر اسد اللہ بھٹو، شمس الرحمن سواتی اور رانا محبوب علی بھی موجود تھے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن