• news

نوازشریف بھائی کو چین لے گئے‘ پرویز خٹک بھی تو وزیراعلیٰ ہیں: عمران

اسلام آباد (این این آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتی ٗ اسلام آباد میں برفباری بھی ہو جائے تب بھی دھرنے میں بیٹھا رہوںگا ٗ گرمی سے پہلے ہی ملک میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں ٗ نوازشریف اپنے بھائی شہبازشریف کو چین لیکر گئے ہیں ٗ پرویز خٹک بھی تو وزیراعلیٰ ہیں ٗ نوازشریف اور آصف علی زرداری کے خلاف غلط الفاظ استعمال نہیں کرتا ٗ سچ بولتا ہوں۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں  کہا کہ ملک میں امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے، اگر غریب قانون توڑے تو فوراً گرفت میں آجاتا ہے تاہم امیر کچھ بھی کرلے اسے نہیں پکڑا جا سکتا، لوگ مجھ پر سیاستدانوں کو گالیاں دینے کا الزام لگاتے ہیں مگر عوام بتائیں کہ اگر چھوٹا آدمی چوری کر لے تو اسے چور کہا جاتا ہے مگر حکمران جتنی کرپشن کر رہے ہیں ان کے خلاف سچ بولنا جرم ہے، چھوٹے آدمی کو جب چور کہا جاسکتا ہے تو ملک میں اربوں کے ڈاکے ڈالنے والوں کو ڈاکو کیوں نہ کہوں، شیخ رشید پیش گوئی کرتے تھے کہ عید سے پہلے قربانی ہوگی مگر میں آج کہہ رہا ہوں اگلی گرمیوں سے پہلے ملک میں بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے، جھوٹ بولنے پر اسحاق ڈار کو جیل میں ہونا چاہئے اور اگر وہ سچے ہیں تو نوازشریف کو جیل میں ہونا چاہئے، ملک میں ہر طرف مایوسی ہی مایوسی ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر ہم امریکہ اور آئی ایم ایف کے سامنے نہ جھکے تو بھوکے مرجائیں گے، انڈر پاس اور میٹرو بنانے سے ترقی نہیں ہوتی بلکہ لوگوں کی تعلیم اور صحت پر پیسہ خرچ کیا جائے تب ملک ترقی کرتے ہیں ۔ شہبازشریف سیلاب میں کھڑے ہوکر شوبازی کرتے ہیں، عوام بتائیں کہ کبھی پرویز خٹک کو کہیں اس طرح تصویر بنواتے دیکھا ہے۔ خیبرپی کے میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ کررہے ہیں۔ اگر ملک میں جمہوریت ہے تو حکمران اپنے اثاثے کیوں چھپاتے ہیں۔ ملکی معیشت نیچے اور شریف خاندان کے اثاثے اوپر جا رہے ہیں۔ میں علامہ اقبال کا مرید ہوں۔ مایوس نہیں ہونا چاہئے ہم عظیم قوم بن سکتے ہیں۔ 30 نومبر کو پاکستان کے تمام ریکارڈ ٹوٹیں گے۔ نیا خیبر پی کے بن رہا ہے، خیبر پی کے کا بلدیاتی نظام سب کو مضبوط کریگا۔ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کیلئے تیار ہے، حکومت اور الیکشن کمشن تاریخ نہیں دے رہے۔ علاوہ ازیں عمران خان آج اتوار کو رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کا جلسہ اس شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے رحیم یار خان میں بھی جلسے کیلئے گرائونڈ کے جنگلے تڑوا دئیے ہیں۔
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے سردار ذوالفقار کھوسہ کی پارلیمانی سیاست کو انکے چہیتے بیٹے نے دفن کیا ہے، مسلم لیگ (ن) نے انہیں جو عزت اور مقام دیا شاید ہی کسی سیاست جماعت نے اپنے کسی سیاسی رہنما کو اتنا دیا ہو۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران نے کنٹینر پر کھڑے ہوکر دہشت گردوں کو نہیں للکارا، وہ آپریشن ضرب عضب کی اعلانیہ حمایت سے ڈرتے ہیں۔ عمران کنٹینر پر کھڑے ہوکر سچ بولنے کے سوا سب کچھ کرتے ہیں۔ انہیں شہبازشریف اور پرویز خٹک کی کارکردگی میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ وہ خیبر پی کے میں کچھ کرکے دکھائیں پھر وزیراعظم کے ساتھ جانے کی خواہش کریں۔ عمران کو معلوم نہیں خیبر پی کے سے زیادہ بجٹ پنجاب میں تعلیم پر خرچ ہوتا ہے۔ عمران خان حسد کی آگ میں جل رہے ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔ عمران جس وزیراعظم کو مانتے ہی نہیں اس کے ساتھ کسی کو نہ لے جانے کی شکایت کیسی؟

ای پیپر-دی نیشن