علامہ اقبال کا 137 واں یوم ولادت آج منایا جائیگا، اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار تھے، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) حکیم الامت ، شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کا 137 واں یوم ولادت آج اتوار 9 نومبر کو لاہور سمیت ملک بھر میں منایا جائیگا۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی جبکہ سیاسی، سماجی، دینی رہنما اور تنظیمیں مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گی۔ اس موقع پر سیمینار و تقاریب بھی ہوں گی جن میں علامہ اقبالؒ کی شاعری اور افکار پر روشنی ڈالی جائیگی۔ یوم اقبال پر پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اقبال کے فکر و فلسفہ کی سچی تعبیر کریں تو پاکستان سیاسی، معاشی، مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام کا حامل ہوسکتا ہے۔ علامہ اقبالؒ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جو ہر زمانے میں زندہ و پائندہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ ایک ایسے عظیم فلسفی شاعر تھے جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور اپنے افکار کے ذریعے مسلمانوں میں ایک نیا ولولہ، جوش اورجذبہ پیدا کیا۔