• news

رشیدغازی کیس: مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد، 6 دسمبر کو ہر صورت پیش ہوں : سیشن عدالت

اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت نیوز) اسلام آباد کی سیشن عدالت نے لال مسجد کے سابق نائب خطیب عبدالرشید غازی کے قتل کے مقدمہ میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 6 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے بیماری اور سکیورٹی خدشات کی بنا پر ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت آمد پر سکیورٹی انتظامات سے متعلق آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا گیا تھا جس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔مدعی کے وکیل ملک عبدالحق نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود پرویز مشرف پیش نہیں ہو رہے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ اگرپرویز مشرف نے سکیورٹی کے لیے کوئی درخواست دی ہے تو اس کا جواب دے کر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ مقدمے کی مزید سماعت 6 دسمبر کو ہو گی۔   عدالت نے سابق صدر کے دونوں ضامنوں کو حکم دیا کہ انہیں ہر صورت 6 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن