• news

ہائیکورٹ کے کمشن نے انتخابی مہم میں جنگلی جانوروں کی نمائش پر پابندی کی سفارش کردی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے تشکیل کردہ وائلڈ لائف کمشن نے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے انتخابی مہم کے دوران شیر کی نمائش کیخلاف دائردرخواست میں مستقبل میں انتخابی مہم کے دوران جنگلی جانوروں کی نمائش پر پابندی کی سفارش کردی۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماجی رہنما فریال گوہر کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں شیر کی نمائش کیخلاف اور جنگلی جانوروں کے تحفظ کیلئے درخواست میں وائلڈ لائف کمشن تشکیل کا حکم دیا تھا۔ کمشن کے سربراہ بریگیڈئر (ر) مختار احمد کی طرف سے ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ الیکشن کمشن کسی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم میں جنگلی جانوروں کی نمائش کی اجازت نہ دے۔ کمشن نے تئیس صفحات پر مشتمل رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی ہے۔ جس کے مطابق وائلڈ لائف بریڈنگ فارم رولز کے مطابق ہر فارم کی ایک ماہ میں تین مرتبہ انسپکشن ہونی چاہئے مگر محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کے پاس کسی بھی فارم کی ایک ماہ میں تین مرتبہ انسپکشن کیلئے سٹاف ہی نہیں ہے اور نہ ہی جنگلی جانوروں کے پرائیویٹ بریڈنگ فارمز کا ریکارڈ رکھنے کا کوئی بندوبست ہے۔ کمشن نے چیتوں اور دیگر جنگلی جانوروں کی افزائش اور انہیں پالنے سے متعلق وفاقی اور صوبائی قوانین میں ترامیم کی سفارش کی ہے۔
جنگلی جانور/ پابندی

ای پیپر-دی نیشن