• news

داعش ہنگو اور کرم ایجنسی میں 12 ہزار افراد بھرتی کر چکی ہے: بلوچستان حکومت

کوئٹہ /کراچی(آئی این پی + ثناءنیوز ) بلوچستان حکومت نے وفاق اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خفیہ رپورٹ ارسال کرکے دولت اسلامیہ عراق وشام (آئی ایس آئی ایس) داعش کا اثرورسوخ بڑھنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی حکومت کی خفیہ معلومات پر مبنی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ آئی ایس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ہنگو اور کرم ایجنسی میں 10 سے 12 ہزار تک کی بڑی تعداد میں اپنے حامیوں کو بھرتی کرچکی ہے۔بلوچستان کے داخلہ اور قبائلی امور کے محکمے کی اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ قابل اعتبار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ داعش نے کالعدم لشکر جھنگوی(ایل ای جے) اور اہلسنت والجماعت(اے ایس ڈبلیو جے) کے کچھ عناصر پاکستان کو ہاتھ ملانے کی پیشکش کی ہے۔ اس عسکریت پسند تنظیم نے 10 رکنی سٹرٹیجک پلاننگ ونگ بھی قائم کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق آئی ایس نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کے جواب میں خیبر پی کے میں فوجی تنصیبات اور حکومتی عمارتوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔ وہ اہل تشیع کو ہدف بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔بلوچستان حکومت نے اپنے صوبے اور خیبر پی کی میں سکیورٹی اقدامات اور نگرانی کو بڑھانے کے مطالبہ کیا ہے تاکہ اس طرح کے حملوں کی روک تھام کی جاسکے۔اس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مزید محتاط اور لشکر جھنگوی کے اراکین کی نگرانی کے عمل کو بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب شاہد اللہ شاہد سمیت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چھ اہم کمانڈرز نے آئی ایس کے ساتھ منسلک ہونے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ اسکے ساتھ اورکزئی ایجنسی میں ٹی ٹی پی کے سربراہ سعید خان، کرم ایجنسی کے طالبان سربراہ دولت خان، خیبرایجنسی سے ٹی ٹی پی کے سربراہ فتح گل زمان، ٹی ٹی پی پشاور کے چیف مفتی حسن اور ہنگو کے طالبان کمانڈر خالد منصور نے داعش کا حصہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ سکیورٹی ماہر ڈاکٹر اعجاز حسین نے کہاہے کہ پاکستان کو داعش سے خطرے کا سامنا ہے تاہم داعش کو ایک حقیقی خطرہ بننے میں وقت درکار ہوگا۔ اگر پاکستانی سکیورٹی آئی ایس کے نقش قدم کو چیک کرنے میں ناکام رہی تو یہ مستقبل میں بڑا دھچکا ثابت ہوسکتا ہے۔ نظر آتا ہے کہ داعش پاکستان اور افغانستان پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اسے کنٹرول نہ کیا گیا تو آئی ایس جنوبی ایشیا اور خلیج فارس کیلئے ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔
بلوچستان حکومت/ داعش

ای پیپر-دی نیشن