حکمرانوں کی نااہلی کے باعث اقلیتوں سمیت ہر پاکستانی خوفزدہ ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خبرنگار) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث لاءاینڈ آرڈر کی بدترین صورتحال پر اقلیتوں سمیت ہر پاکستانی خوفزدہ ہے جبکہ پنجاب میں ہماری حکومت کے دوران ہر قسم کے جرائم میں نمایاں کمی ہونے کے علاوہ اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل تھا۔ وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے ق لیگ اور اقلیتی ونگ کے کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت کے 5 سال میں ہر پاکستانی کے جان و مال کی حفاظت کیلئے باقاعدہ پالیسی بنائی گئی اور اس پر عمل کیا گیا، اقلیتوں کو شرپسندوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی مو¿ثر اقدامات کئے گئے۔ اسلام اور آئین و قانون میں Mob Justice کا کوئی تصور نہیں۔ اسلام میں مذہب اور رنگ و نسل کے امتیاز کے بغیر ہر شہری کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔ اقلیتی وفد اور کارکنوں نے پرویز الٰہی کی اس بات کی پرزور تائید کی کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہبازشریف کے دور میں ہماری حکومت کی نسبت ہر قسم کے جرائم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور ہر شہری بالخصوص اقلیتیں خود کو غیر محفوظ تصور کرتی ہیں۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ 2002-07 کے ہمارے دور میں پولیس پٹرولنگ پوسٹوں کے قیام اور پولیس کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے علاوہ تنخواہوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ نگرانی کے مستند نظام کے باعث شاہراہوں، دیہی سڑکوں، شہروں اور دیہات میں سنگین وارداتوں سمیت ہر قسم کے جرائم 60 فیصد تک کم ہو گئے تھے لیکن آج کسی بھی شہر یا گاﺅں میں کوئی گھرانہ ایسا نہیں ہے جس کا کوئی نہ کوئی فرد ڈکیتی، چوری اور راہزنی کا شکار نہ ہوا ہو۔ حکمران جھوٹے وعدوں سے کسی کو گمراہ نہیں کر سکتے۔