عمران نواز، شہباز شریف اور حمزہ کے حوالے سے الزامات ثابت کریں اسمبلی نشست چھوڑ دونگا: عابد شیرعلی
اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے دعوے کے مطابق 15 یا 20 منٹ کے اندر وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کے علیحدہ علیحدہ 3 ہیلی کاپٹروں پر اسلام آباد ائیر پورٹ آنے اور 3 جیٹ طیاروں میں علیحدہ علیحدہ لاہور جانے کا الزام سچ ثابت کردیں تو وزارت ہی کیا اسمبلی نشست بھی چھوڑ دوں گا۔ بصورت دیگراپنے گریبان میں جھانکتے ہوئے عمران خان قوم سے معافی مانگ کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑنے کا اعلان کریں۔ عمران خان کے خطاب پرردعمل پرانہوں نے کہا کہ حکومت نے 2013ءکے انتخابات میںدھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشنل کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ،اب عمران خان کو ثبوتوں کے ساتھ لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنا ہوگا کہ میاں نواز شریف نے کیسے دھاندلی کرائی؟ جھوٹ کی بھی ایک حد ہوتی ہے،عمران خان بدتہذیبی،بداخلاقی اور دروغ گوئی کی تمام حدیں پار کرتے جارہے ہیں،30 نومبر کی نئی دھمکی اور نئے انتخابات کی پیشین گوئی بھی سابقہ دھمکیوں اور پیشین گوئیوں کی طرح کارگر اور سچ ثابت نہیں ہونگی،قوم نے دیکھ لیا امپائر کے انگلی اٹھانے کی بات غلط نکلی۔ جسے اپنے ملک کے صدر کا نام نہ آتا ہواور خود ہی کو ایماندار قرار دیکر اپنے ملک کے وزیراعظم پر کیچڑ اچھالنے والا کس طرح وزیراعظم بن سکتا ہے۔ کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ لگانے کی مخالفت کرکے عوام کی زندگیوں کو اندھیروں میں دھکیلنے کا پیغام دیا گیا ہے۔
عابد شیر علی