مقبوضہ کشمیر : دو نوجوانوں کی شہادت کے بھارتی اعتراف پر مظاہرے جھڑپیں فوجی گاڑی پر حملہ چار اہلکار زخمی
سرینگر (کے پی آئی) بھارتی فوج کی جانب سے دو نوجوانوں کی شہادت کا اعتراف کرنے کے بعد وادی بھر میں مظاہرے کئے گئے۔ نوگام اور ملحقہ علاقوں میں مسلسل پانچویں روز بھی احتجاج کیا گیا۔ جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں علاقے میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور بائی پاس پر گاڑیوںکی آمدورفت بری طرح متاثر رہی۔ علاقہ میں کشیدگی کا ماحول اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظرنوگام اور ملحقہ علاقوں میں کئی دنوں تک کرفیو جیسی بندشیں عائد رہیں جبکہ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنے آئے لوگوں کے ساتھ ساتھ کئی مقامی نوجوانوں کی شدید مارپیٹ کی اور بستی کی طرف پتھراﺅ اور ٹیر گیس شیلنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے 5مقامی نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاری بھی عمل میں لائی ہے جن میں عارف احمد، محمد امان، عطاللہ عرف عامر اور توصیف شامل ہیں۔احتجاج شروع ہوتے ہی دکانیں اور کاروباری ادارے دوبارہ بند ہوگئے اور سینکڑوں لوگوں نے نوگام چوک میں دھرنا دیکر احتجاج کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر قاضی گنڈ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ سے 4اہلکار زخمی ہو گئے۔
مقبوضہ کشمیر