• news

جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے چیف الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کر لی ‘ اسحاق ڈار اور خورشید شاہ میں تقرر پر اتفاق ہو گیا تھا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خورشید شاہ نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے نام پر رضامندی کا اظہار کیا۔ یاد رہے عمران خان تصدق حسین جیلانی کے نام پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں، حکومت اور اپوزیشن نے عمران خان کی مخالفت کے باوجود اتفاق کیا ہے۔ عمران خان کے اعتراضات حکومت اور اپوزیشن نے خلاف حقائق قرار دیکر مسترد کردئیے ہیں، حکومت اور اپوزیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی پر عمران خان کے اعتراضات میں کوئی وزن نہیں۔ عمران خان کی رضامندی آئینی تقاضا نہیں نہ وہ اس معاملے میں سٹیک ہولڈر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اتفاق حکومت اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان آئینی تقاضا ہے۔ دریں اثناءنجی ٹی وی کے مطابق جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے چیف الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کر لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تصدق حسین جیلانی کی معذرت کے بعد حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے جسٹس (ر) طارق پوریز کے نام پر غور شروع کردیا ہے۔ اے این پی کے سربراہ نے جسٹس (ر) طارق پرویز کے نام پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ جسٹس (ر) تصدق جیلانی کے نام اتفاق ہونے کے بعد ایک دو روز میں باضابطہ اعلان کیا جانا تھا مگر انہوں نے معذرت کرلی۔
تصدق جیلانی



ای پیپر-دی نیشن