ابوظہبی: احمد شہزاد ٹیسٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے زخمی، سر پر فریکچر‘ہسپتال منتقل
ابوظہبی (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد کو نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ کے دوران کورے اینڈریسن کی گیند لگنے سے زخمی ہو گئے۔ احمد شہزاد کے سر پر چوٹ لگی، درد کی شدت کی وجہ سے احمد شہزاد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ احمد شہزاد کو ایمبولینس میں ہسپتال لے جایا گیا اور انہیں اگلے 48گھنٹے آئی سی یو میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز احمد شہزاد رنز کے انبار لگا رہے تھے اسی دوران 176 رنز کے انفرادی سکور پر کورے اینڈرسن نے انہیں باو¿نسر کرائی جو ان کے سر پر لگی، بال لگنے سے وہ زمین پر گر پڑے اور ان کا بلا وکٹ پر لگا جس سے وہ آو¿ٹ ہوگئے۔ احمد شہزاد کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی بعد ازاں انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا تفصیلی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرائے گئے۔ پی سی بی کے مطابق احمد شہزاد کے سر میں ہیر لائن فریکچر پایا گیا ہے جس کے بعد انہیں اگلے 48 گھنٹے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا جائے گا اور ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد ان کے سر کے آپریشن کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نیوز لینڈ کے خلاف 176 رنز کی اننگز کھیل کر احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 150 رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔علاوہ ازیں احمد شہزاد کو انجری کے باعث ڈاکٹرز نے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ یونس خان نے بتایا کہ احمد شہزاد کو فریکچر ہواہے تاہم سرجری کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
احمد شہزاد زخمی