نومنتخب افغان صدر اشرف غنی 14 نومبر سے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کرینگے
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر نو منتخب افغان صدر اشرف غنی 14 نومبر سے پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران افغان صدر اپنے ہم منصب پاکستانی صدر ممنون حسین سے ملاقات کریں گے اور 14 نومبر کو صدرکی جانب سے اشرف غنی کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف افغان صدر سے 15 نومبر کو وزیراعظم ہاو¿س میں ملاقات کریں گے، جہاں دونوں رہنما دو طرفہ بات چیت کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔ بات چیت میں دوطرفہ تعلقات‘ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون سرفہرست ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے افغان صدر کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں اہم سیاسی اور ملٹری قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے اس دورے میں وزیر دفاع و خارجہ کے علاوہ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اور اکنامک ٹیم بھی افغان صدر کے ہمراہ ہوں گے۔
افغان صدر/ دورہ