پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات 25 نومبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ
لاہور(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے 39 عہدوں پر انتخابی عمل 25 نومبر کو پورا ہوگا جس کے لئے کاغذات نامزدگی ملنا شروع ہو گئے۔ اولمپک کونسل آف ایشیا اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے پابندی کی شکار اور متنازعہ فیڈریشنز کے عہدیداران کسی عہدے پر الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ان کھیلوں کی تنظیموں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور انٹرنیشنل کھیلوں کی تنظیموں کو خط لکھ دیا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کے علاوہ 39 عہدوں جس میں سیکرٹری، خزانچی، 9 نائب صدور، 6 ایسوسی ایٹ سیکرٹری، ایک خاتون نائب صدر، ایک خاتون ایسوسی ایٹ سیکرٹری کے علاوہ ایگزیکٹو بورڈ کے 20 ممبران کا چناو عمل میں لایا جائے گا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور پاکستان اتھلیکٹس فیڈریشن کی دہری باڈی ہونے کی وجہ سے متنازعہ ہیں جبکہ نیٹ بال کی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے رکنیت معطل اور پاکستان باسکٹ بال کی انٹرنیشنل فیڈریشن کی جانب سے رکنیت معطل ہونے کی وجہ سے ان کا کوئی عہدیدار الیکشن میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن جس نے اپنے انتخابات نہیں کرائے۔ اس لئے الیکشن پراسیس کا حصہ نہیں بن سکے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے متنازعہ کھیلوں کی تنظیموں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور ان کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیموں کو باقاعدہ خط لکھ دیا۔ قوی امکان ہے کہ سائیکلنگ اور اتھلیٹکس فیڈریشن پر بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے پابندی عائد ہو جائے۔