• news

عمران خان جھوٹے اور مکار حکمرانوں پر سوچ سمجھ کر اعتبار کریں: طاہر القادری

لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹے اور مکار حکمرانوں پر سوچ سمجھ کر اعتبار کریں، جوڈیشل کمیشن بنانا اور پھر ان کی رپورٹس کو تسلیم نہ کرنا ان کیلئے معمول کی بات ہے، ان حکمرانوں کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں، اسی لئے ہم نے انکی کسی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے کی بجائے ازخود فیصلہ کے تحت دھرنے کا دائرہ ملک بھر تک پھیلایا ہے اب عوامی دبائو کے ذریعے انہیں آئین، قانون، انصاف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکر دینگے، 30اور 31اگست کی رات ریاستی اداروں نے جو زہریلی گیس کی شیلنگ کی میرے سمیت ہمارے ہزاروں کارکن ابھی تک اس کے مضر اثرات سے باہر نہیں نکل سکے، ان تکلیفوں کی کوئی پروا نہیں، انقلاب کو اس کی منزل تک پہنچائیں گے۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں تین روزہ کنونشنز کے آخری روز پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جنوری 2013 کے لانگ مارچ میں بھی اس وقت کے حکمرانوں نے انتخابی اصلاحات، آئین کی عملداری اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے ضمن میں جو تحریری معاہدہ کیا تھا اس سے وہ منحرف ہو گئے تھے، اس تلخ تجربہ کو سامنے رکھتے ہوئے حکمرانوں کی آئندہ کسی کٹمنٹ پر اعتماد نہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے اور مقدمہ براہ راست عوام کی عدالت میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی جدوجہد اندرون، بیرون ملک رہنے والے ہر پاکستانی کو پرامن اور آئین و قانون کی بالادستی والے ملک کا تحفہ دینے کیلئے ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کر کے منحرف ہو گئے، یہ حق اب ہم دلائیں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کی فراہمی، سیلاب، زلزلوں میں ہمیشہ سب سے آگے ہوتے ہیں اب ان کا کسی کو استحصال نہیں کرنے دینگے۔ میں اب مستقل طور پر پاکستان میں رہائش اختیار کر چکا ہوں۔ آئین کا آرٹیکل 3 ہر طرح کے استحصال کے خاتمہ کی گارنٹی دیتا ہے مگر حکمران وی وی آئی پی کلچر کے ذریعے شہریوں کا استحصال اور تذلیل کرتے ہیں، اپنی گاڑیوں کے قافلے گذارنے کیلئے سڑکیں بند کرتے ہیں، اپنے نااہل عزیز و اقارب کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کرتے ہیں جس کی سزا عوام، ملک اور خزانے کو مل رہی ہے۔ ملک قرضوں کی چکی میں پس رہا ہے مگر ان بے رحم حکمرانوں کو کوئی ترس بھی نہیں آتا، ووٹ کی طاقت سے ان کے سیاسی وجود کا خاتمہ کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن