’’پاکستان روس مشترکہ کمشن کا اجلاس 28 نومبر کو ماسکو میں ہوگا‘‘
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) پاکستان اور روس کے مشترکہ حکومتی کمیشن کا اجلاس اس ماہ 28 تاریخ کو ماسکو میں منعقد ہو رہا ہے۔ قومی امکان ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کمیشن کے اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ باور کیا جاتا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز، توانائی کے شعبہ میں روس کی سرمایہ کاری اور معیشت کے دیگر شعبوں میں تعاون کے بارے میں کلیدی فیصلے کئے جائیں گے۔ ایک مستند سفارتی ذریعہ کے مطابق ماسکو میں اسحاق ڈار کا انتظار کیا جا رہا ہے اور انہوں نے اپنی آمد کی رضامندی بھی دی ہے۔ وزیر خزانہ کی اجلاس میں شرکت سے یہ صحیح معنوں میں اعلیٰ اختیاراتی اجلاس بن جائیگا جس کا دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ رواں برس ایسے دو طرفہ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جن میں پاکستان کے صف اول کے حکام نے وعدوں کے باوجود شرکت نہیں کی جس سے ماسکو کو مثبت پیغام نہیں ملا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس وقت روس پاکستان کو توانائی، ریلوے اور بجلی گھروں کی مشینری کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کر رہا ہے۔ ریلوے میں روسی پیشکش خاصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ روس اپنی میٹرو ریلوے کو مغربی معیار کی بوگیوں سے بدلنا چاہتا ہے اور مضبوط، روسی ساختہ بوگیاں ارزاں نرخوں پر ماسکو سے خریدی جا سکتی ہیں۔ متعدد روسی کمپنیاں پاکستان سٹیل کی حالت بہتر بنانے یا خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں اور اسی سلسلہ میں روس کی تین اہم کمپنیوں کے عہدیداروں کے مشترکہ وفد کی صورت میں رواں سال پاکستان کا دورہ کیا تھا۔