کراچی آپریشن بغیر کسی دبائو کے جاری رہیگا: چودھری نثار کی گورنر سندھ سے ملاقات
کراچی (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پیر کی شب کراچی پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال، کراچی سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال، کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی میں آپریشن بغیر کسی دبائو کے جاری رکھا جائے گا۔ آپریشن اہداف کے حصول اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ کراچی کی ترقی اور امن کی بحالی وفاقی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ حکومت سندھ کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت کراچی میں امن کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بغیر کسی دبائو اور بلا کسی امتیاز کے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کریں۔