• news

قابل اعتراض اشارے: سپریم کورٹ نے سابق اٹارنی جنرل کیخلاف درخواستیں خارج کردیں

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے سے متعلق دائر درخواستیں خارج کردی گئیں۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر شیخ احسن الدین اور سید محمود نقوی کی دائر درخواستوں کی سماعت کی جس میں درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس میں دوران سماعت اس وقت کے اٹارنی جنرل عرفان قادر نے ذومعنی الفاظ اور قابل اعتراض اشارے کئے تھے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران جسٹس آصف کھوسہ نے کہا رسپانڈنٹ کا جواب آگیا تھا جبکہ اب درخواست گزاروں کی جانب سے کیس کی پیروی نہیں کی جارہی لہٰذا عدالت نہیں سمجھتی کہ کیس میں مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔ عدالت نے توہین عدالت کی دونوں درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن