پرویز خٹک نے اپنے ارکان اسمبلی کو 12 ارب فنڈز دیئے، اپوزیشن کو 80 کروڑ پر ٹرخا دیا
پشاور (ثناء نیوز) تحریک انصاف کی حکومت کا خیبر پی کے میں انوکھاانصاف،وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک نے 13 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈز جاری کر دیئے جس میں حکمران جماعت کے ارکان کو 12 ارب روپے جاری کئے گئے جبکہ اپوزیشن ارکان کو صرف 80 کروڑ روپے پر ٹرخا دیا گیا۔فنڈز کی فراہمی میں وزیر اعلیٰ کا آبائی ضلع نوشہرہ پہلے نمبر پررہا۔نوشہرہ کو دوارب روپے جاری کر دیئے جبکہ سپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر کے ضلع صوابی کے 90 کروڑ جاری کئے گئے ہیں ۔کے پی کے سے تعلق رکھنے والے 17 ارکان قومی اسمبلی کو 35 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے سب سے زائد 25 کروڑ روپے وزیر اعلیٰ کے داماد عمران خٹک کے حلقہ کے لئے جاری کئے گئے ہیں ۔ نجی ٹی وی کی جانب سے حاصل کردہ سرکاری دستاویز کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے پہلی مرتبہ کے پی کے میں قومی اسمبلی کے ارکان کو بھی صوبائی ترقیاتی فنڈ سے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے 17 ارکان کو 34 کروڑ روپے صوبائی ترقیاتی پروگرام سے جاری کئے گئے ہیں ۔ پرویز خٹک کے داماد ڈاکٹر عمران خٹک کو سب سے زیادہ 25 کروڑ کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم خان سواتی کو بھی کئی منصوبے منظور کر کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ وزیر اعلی کے ذاتی دوست مرید کاظم کو بھی فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔فنڈز کی بندر بانٹ میں کے پی کے پسماندہ اضلاع میں جن میں ٹانک اور لکی مروت شامل ہیں کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا۔