گرین ٹائون گھر میں آتشزدگی، ماں بیٹی نے چھت سے کود کر جان بچائی
لاہو (نامہ نگار)گرین ٹاون کے علاقہ میں آتشزدگی کے دوران جان بچانے کیلئے ماں نے کمسن بیٹی کے ساتھ چھت سے چھلانگ لگادی تاہم دونوں محفوط رہیں۔ ماں بیٹی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن میں تین بھائی ایک گھر میں اکٹھے رہتے ہیں۔ ایک بھائی نے گراونڈ فلور پر ٹینٹ اور دیگر سامان کو گودام بنایا ہوا تھا جس میں گزشتہ روز شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی۔ چند لمحوں میں آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث اوپر والی منزل کے مکینوں کا نیچے اترنا ممکن نہ رہا، پروین نامی عورت نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے اپنی کمسن بیٹی فاطمہ کو نیچے پھینکا اور پھر روتے ہوئے خود بھی اسکے پیچھے کود گئی۔ ریسکیوٹیموں نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے۔