جنوبی پنجاب میں داعش کی وال چاکنگ کے پیچھے مخصوص لابی ہے: فضل الرحمن
بہاولپور (اے پی اے) جنوبی پنجاب میں داعش کی وال چاکنگ کے پیچھے مخصوص لابی کار فرما ہے جس کا مقصد جنوبی پنجاب میں 1500 دینی مدارس کو ٹارگٹ بنانا ہے، بہت جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر ضلعی جنرل سیکرٹری علامہ شفقت الرحمان سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جان پر کھیل کر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، بیرونی ایجنٹوں نے ملک کی اساس کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی ہے جسے ہم نے ناکام بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک ایک بار پھر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور آئندہ بھی اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے اور اسلام کے کسی شعبہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔