کے پی کے حکومت کا بائیو میٹرک سسٹم کے بغیر ہی بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ
پشاور (ثناء نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پی کے میں اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کمشن آف پاکستان سے صوبے میں بائیو میٹرک نظام کے بغیر ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی جائے گی۔ خیبر پی کے کے سنیئر وزیر عنایت اللہ خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس حوالے سے ایک سمری جلد وزیراعلی پرویز خٹک کو پیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے کہ بلدیاتی انتخابات بائیومیٹرک نظام کے بغیر ہی کرادیئے جائیں"۔ صوبائی حکومت صوبے میں اپنے قیام کے بعد سے ہی انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کرنے والی بائیومیٹرک الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہی تھی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے تاہم دونوں جماعتیں اپنے اولین موقف سے دستبردار ہوگئی ہیں تاکہ انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر نہ ہو۔