• news

ملتان کیلئے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان‘ دھرنے والوں نے ملک و قوم سے دشمنی کی: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے 16اضلاع میںسیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں ان کی فصلوں اور گھروں کے نقصانات کے ازالے کے ساتھ ذریعہ معاش متاثر ہونے کے حوالے سے مالی امداد کی تقسیم کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے اور خادم پنجاب امدادی پیکیج کے تحت مجموعی طور پر سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 16ارب روپے سے زائدکا تاریخی پیکیج دیا گیا ہے۔ دھرنا دینے والوں نے سیلاب کے دوران اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو فراموش کر کے بدترین بے حسی کا مظاہرہ کیا جبکہ دھرنا دینے والوں کی ملک دشمنی کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ اسلام آباد ملتوی ہوا۔ دھرنا دینے والوں نے کسی دشمن سے بڑھ کر ملک و قوم کے ساتھ دشمنی کی ہے جس پر 18کروڑ عوام ان کا یہ جرم کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سپورٹس کمپلیکس ملتان میں ادائیگی سینٹر کے دورے کے بعد سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملتان میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قلیل مدت میں سیلاب متاثرین میں امدادی رقم تقسیم کرکے ایک انقلاب برپا کیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں شفاف سروے کی بنیاد پر متاثرین میں مالی امداد تقسیم کی جارہی ہے۔ سیلاب کے دوران جن کے گھر مکمل طورپر تباہ ہوئے ہیں انہیں مجموعی طور پر 80 ہزار روپے فی گھر کے حساب سے امداد دی جارہی ہے جبکہ جزوی طور پر متاثر ہونے والے مکانات کے مالکان کو مجموعی طورپر 40ہزار روپے فی کس کے حساب سے مالی امداد دی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت 2ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لئے 25،25 ہزار روپے کی پہلی قسط کی ادائیگی عید سے قبل مکمل کر چکی ہے۔ دوسرے مرحلے میں ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کے نقصانات کا معاوضہ 10ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے دیا جارہا ہے۔ اسی طرح محنت مزدوری کرنے والے متاثرین کو 10ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے امداد دی جارہی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی کسی بھی آفت کے متاثرین کو اتنی بڑی رقم اتنے کم وقت میں نہیں تقسیم کی گئی، بلاشبہ اس کا کریڈٹ پنجاب حکومت اور وزیراعظم محمد نوازشریف کو جاتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ہے اورچین کی قیادت نے وزیراعظم محمد نواشریف کی لیڈرشپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں ۔ بلاشبہ یہ چین کی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت اور تاریخی دوستی کا ٹھوس ثبوت ہے لیکن دوسری طرف دھرنا دینے والوں نے معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ دھرنا دینے والوں کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوا۔دھرنادینے والوں کوعام آدمی کی تکالیف اور مشکلات کاکوئی احساس نہیں ،یہ خود تو بنی گالہ کے سینکڑوں ایکڑ محل اورکینیڈا کے پر فضا ماحول میں رہتے ہیں جبکہ اشرافیہ بھی اپنے بنگلوں میں سکون کی زندگی گزارتی ہے لیکن عام آدمی کو جب بجلی نہ ملے تو اس کی حالت کیا ہوتی ہے اس کا احساس ان کو نہیں۔ عمران خان صاحب آپ کنٹینر پر کھڑے ہو کر مسلسل سفید جھوٹ بول رہے ہیں۔ چین کے ساتھ طے پانے والے منصوبوں میںکوئی قرضہ شامل نہیں یہ سب سرمایہ کاری ہے۔ ہماری تمام کاوشیں عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے اور اسے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہیں۔ چین کی قیادت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور چین پاکستان کا بہترین مخلص دوست ہے کیونکہ بیجنگ میں طے پانے والے اربوں ڈالر کے منصوبوں میں بجلی کے کارخانوں کے بھی پراجیکٹس شامل ہیں۔ بجلی ہوگی تو ملک کی زراعت ترقی کرے گی، صنعت کا پہیہ رواں دواں ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مضبوط ہوگی۔ چین کی قیادت نے پاکستان پر جس بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ہیں، اب فرض ہے کہ چین کی قیادت کو بارآورکرائیں کہ پاکستانی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں چین کے ساتھ ملکرآگے بڑھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس کمپلیکس میں ادائیگی سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ دریں انثاء وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس ملتان میںترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ملتان سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ انتظامیہ اورپولیس حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے دوسرے قومی منصوبوں کی طرح ملتان میٹرو پراجیکٹ بھی تاخیر کا شکار ہوا لیکن پنجاب حکومت ملتان میٹرو بس منصوبے پر ہر صورت عملدرآمد کرے گی۔ عوامی مطالبات اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر منصوبے کے ڈیزائن میں ضروری تبدیلیاں لائی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترمیم شدہ ڈیزائن یکم دسمبر تک تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ایم این اے جاوید علی شاہ کی تجویز پر جلال پور پیر والہ میں کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ملتان کے 11کلومیٹر طویل ویسٹرن بائی پاس کے منصوبے کی تعمیرکی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے ملتان شہر سے گزرنے والے رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے 10ارب روپے کے فنڈ کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے 6 نمبر چونگی پر بننے والے فلائی اوور کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں، پنجاب حکومت ہر طرح کے وسائل مہیا کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ شہبازشریف جنرل ہسپتال دسمبر تک مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شجاع آباد روڈکوکشادہ کرنے کے حوالے سے جن متاترین کو ادائیگی نہیں کی گئی انہیںجلد ادائیگیاں کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے اوران کامسئلہ جلد حل کیا جائے۔ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ملتان ریجن میں 22ماڈل پولیس سٹیشنزکے قیام کیلئے فنڈز اور اراضی فراہم کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ ملتان ریجن کو اسی سال خصوصی فنڈز دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایک انتہاء پسند تنظیم کی جانب سے وال چاکنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس وال چاکنگ کرنیوالوں پر کڑی نظر رکھیںاور ایسے عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر بائیو گیس ٹیوب ویل پلانٹ فراہم کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ پائلٹ پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولنگر اور قصور سے شروع کیا جائے گاجس کے تحت دونوں اضلاع میں چھوٹے کاشتکاروں میں 36 بائیوگیس ٹیوب ویل پلانٹ دئیے جائیں گے۔ اس امر کی منظوری وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ زراعت کی پائیدار ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ زراعت کے فروغ کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے، چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ساڑھے 12ایکڑ سے کم اراضی کے کاشتکاروں کو بائیو گیس ٹیوب ویل پر 2لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ بائیو گیس ٹیوب ویل پلانٹ کی تقسیم نہایت شفاف طریقے سے کی جائے گی۔ چھوٹے کاشتکاروں کو بائیو گیس ٹیوب ویل چلانے کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کو فروری 2015 تک شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے گذشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دہشت گردی کے سدباب کیلئے کئے جانے والے اقدامات، امن عامہ اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے یوم عاشور پر پنجاب میں امن عامہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر داخلہ کو دورہ چین کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مزید براں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اسلام آباد کے 18 سالہ طالب علم ہارون طارق کو کیمبرج کے امتحان میں 6 عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہارون طارق نے اپنی محنت اور قابلیت کی بنا پر عالمی ریکارڈ قائم کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے ملتان کے لئے فی الفور بگ سٹی الاؤنس کے اجراء کا اعلان کیا۔ ملتان میں خواتین یونیورسٹی کو اس کی اصل جگہ بناتے ہوئے گرلز ڈگری کالج کی دوبارہ بحالی کا اعلان کیا۔ ملتان میں یونین کونسل کی سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے الگ سے ’’واٹر فلٹریشن اتھارٹی‘‘ کے قیام کا اعلان کیا۔ ملتان میں میٹرو بس منصوبے کے پہلے فیز پر کام شروع کرنے اور باقی کے لئے الگ فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کی ہدایات جاری کی گئی۔ نواز شریف زرعی یونیورسٹی جلالپور کیمپس کے لئے 5 سو ایکڑ اراضی دینے کا اعلان کیا۔ ملتان میں صحافی کالونی کے لئے فنڈز کو ایم ڈی اے میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ ملتان کے 14 تھانوں کو کرائے کی بلڈنگز سے ذاتی بلڈنگز میں شفٹ کر کے وہاں ماڈل تھانوں کے قیام کا اعلان کیا۔ ملتان میں رنگ روڈ‘ موٹر وے کی تعمیر اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران تجاوزات کے فی الفور خاتمہ کی ہدایات بھی جاری کیں۔

ای پیپر-دی نیشن