فاٹا‘ بنوں: ڈرون حملہ‘ جھڑپیں‘ بمباری‘ بم دھماکہ‘ 8 اہلکار شہید‘ 45 دہشت گرد ہلاک
اورکزئی ایجنسی + خیبر ایجنسی + شمالی وزیرستان (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) اورکزئی ایجنسی میں دہشتگردوں نے تین چیک پوسٹوں پر حملہ کر دیا جس میں تین اہلکار شہید 6زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ وادی تیراہ میں جھڑپ کے دوران 9 دہشتگرد مارے گئے جبکہ خیبر ایجنسی میں فورسز کی بمباری سے 13دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ انکے 3ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے کے دوران دھماکے میں 3 اہلکار شہید، 2زخمی ہو گئے۔ باجوڑ میں تحصیلدار کی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں دو لیویز اہلکار جاں بحق، دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے میں 6دہشت گرد ہلاک ہو گئے، پاکستان نے اس ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ جمرود میں بھی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 2شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقہ شرین درہ پر دہشت گردوں نے پیر اور منگل کے درمیانی شب سکیورٹی فورسز کی تین چیک پوسٹوں زوان چیک پوسٹ، نور ٹاپ چیک پوسٹ اور شرین درہ چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 6اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ حملے میں شہید ہونے والوں میں 3 سکیورٹی اہلکار حوالدار امتیاز، نائیک رزاق، سپاہی فلک زادہ جبکہ زخمی اہلکاروں میں حوالدار شبیر، نائیک خالد، سپاہی گل وزیر، نائیک گل سخان، سپاہی حسن، سپاہی عطاء اللہ شامل ہیں۔ جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ کے علاقے اکا خیل میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں 9 دہشتگرد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب بنوں میں تھانہ میریان کی حدود میں بنوں سے جانی خیل کی طرف سکیورٹی فورسز کا قافلہ جارہا تھا کہ تھانہ میریان کی حدود نالہ ٹوچی پُل کے قریب سڑک کنارے پہلے سے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا گیا تھا جونہی فورسز کی گاڑیاں قریب پہنچیں تو زور دار دھماکہ ہوا جسکے نتیجے میں 3 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور دو سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے جبکہ یاسر اور خضر زخمی ہوگئے جنہیں فوری علاج کیلئے ملٹری کمبائنڈ ہسپتال بنوں منتقل کردیا گیا ۔ دریں اثناء تھانہ میریان کی حدود میں فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کرنے والا مبینہ ملزم سرچ آپریشن کے دوران گرفتار۔ پولیس نے سکیورٹی فورسز کے حوالہ کردیا۔ ادھر باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی کے علاقے خار میں تحصیلدار کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار شہید جبکہ تحصیلدار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خار ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد فورسز کی بھاری تعداد نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا۔ دریں اثناء آپریشن خیبر ون منصوبے کے تحت جاری ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی میں اب تک 135دہشتگرد مارے جا چکے ہیں جن میں اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ اہم کمانڈروں سمیت 250دہشتگرد ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خیبرون میں پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کی جس میں 13دہشت گرد ہلاک ہو گئے، کارروائی خیبر ایجنسی کے علاقے دراس میں کی گئی۔ جیٹ طیاروں کی فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے 3ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں۔ کارروائی واہگہ دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ علاوہ ازیں سرکاری ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے دتہ خیل کے علاقے میں گھر اور گاڑی کو نشانہ بنایا اور 2میزائل فائر کئے جس کے باعث 6افراد دم توڑگئے جبکہ پاکستان نے شمالی وزیرستان میں میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے میزائل حملہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے منافی ہے، ایسے حملے بند کئے جائیں۔ پاکستانی آپریشن کے دوران ایسے حملے منفی پیغام دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں ۔ ڈرون حملے کے بعد علاقے میں ڈرون طیاروں نے نچلی پروازیں کیں جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔