فیصلہ کرلیا نواز شریف وزیراعظم رہیں، دھاندلی کی تحقیقات بھی ہوں: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن مافیا نے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے، نیا پاکستان ضرور بنے گا، فیصلہ کرلیا، نوازشریف بھی رہیں گے اور دھاندلی کی تحقیقات بھی ہوں گی، انصاف نہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں پہلی مرتبہ معدنی پالیسی بنائی گئی، صوبے میں عالمی کمپنیوں کو لے کر آرہے ہیں ایک سال میں3سے5ارب کی سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بیرون ملک دورہ کیا کرنے جاتے ہیں، سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ غریب عورت کا 29ہزار بل آیا تو اس نے خودکشی کرلی، بل ادا نہ کرنے پر غریبوں کے کنکشن کاٹ دئیے جاتے ہیں، ایوان صدر و وزیراعظم ہاؤس کے بل ادا نہ کرنے پر کنکشن نہیں کاٹے جاتے۔ عاصمہ جہانگیر امریکہ سے این او سی لئے بغیر بات نہیں کرسکتی، عاصمہ جہانگیر نے ڈرون حملہ پر بھی کبھی بات نہیں کی۔ عمران خان نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر امریکہ سے اجازت لے کر انسانی حقوق کی بات کرتی ہیں۔ عاصمہ جہانگیر بھارت گئیں لیکن کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بات نہیں کی۔ یہ لوگ دھرنے میں خواتین کے رقص پر اعتراض کرتے ہیں لیکن بھارت میں بھنگڑے ڈالتے ہیں۔ لگتا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور عاصمہ جہانگیر کی دوستی ہوگئی ہے۔ میاں صاحب جب تک ادارے ٹھیک نہیں ہوں گے سرمایہ کاری نہیں ہوگی۔ اسحاق ڈار اتنا جھوٹ بولتے ہیں، میں ان کا کیا جواب دوں۔ مذاکراتی ٹیم نے خود جنرل راحیل کوکہا آپ مذاکراتی ٹیم میں بیٹھیں، فیصلہ کرلیا نواز شریف وزیراعظم بھی رہیں اور تحقیقات بھی ہوں۔ آج سونامی ننکانہ صاحب جارہی ہے۔ ہفتے کو ساہیوال جائیں گے۔ اتوار کو جہلم اور جمعہ کو آزادی سکوائر پر بڑا دھرنا ہوگا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے انتخابات میں دھاندلی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے آرمی چیف سے کہا تھا لیکن بعد میں نواز شریف قومی اسمبلی میں جا کر اس سے مکر گئے جبکہ آئی ایس پی آر کا بیان آیا کہ انہوں نے آرمی چیف سے مصالحتی کردار ادا کرنے کا کہا تھا اب پی ٹی آئی نے فیصلہ کر لیا ہے نواز شریف وزیر اعظم رہیں لیکن دھاندلی کی ساتھ ہی تحقیقات بھی کی جائے اور ہم انصاف ملنے تک اپنا دھرنا جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے عمران خان کی عاصمہ جہانگیر سے متعلق بات شرمناک ہے۔ عاصمہ جہانگیر معزز خاتون ہیں جنہوں نے آمروں کیخلاف بات کی۔ عمران نے خاتون سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کئے۔ دریں اثناء جسٹس (ر) طارق پرویز نے کہا ہے کہ دھرنے والوں سے کسی کی عزت محفوظ نہیں ہے۔