• news

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی

سیالکوٹ / ہٹیاں بالا / نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر پوکھلیان سیکٹر میں فائرنگ کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بھارتی فائرنگ کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوا بدیا گیا۔دوسری طرف کنٹرول لائن چکوٹھی کے پانڈو سیکٹر میں  بھی بھارتی فوج نے منگل کو صبح سے ہی  پھر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ  شروع کردیا جس سے  پانڈو سیکٹر کے زریں دیہات گندیگراں، نلیئی، سفیدہ بلاسٹھو کے عوام گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ بھارتی فوج  کی فائرنگ کی وجہ سے ٹرک سروس تقریباً دو گھنٹے  معطل رہی۔ فائرنگ سے چکوٹھی اور گرد و نواح   کے علاقوں میں شدید خو ف  و ہراس پیدا ہو گیا۔ بھارتی فائرنگ کا یہ سلسلہ صبح 9 بجے شروع ہوا اور دن 11بجے تک جاری رہا تاہم ابھی تک کسی بھی جانی مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب بھارت نے پاک فوج پر کنٹرول لائن پر سیزفائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میںاوڑی سیکٹر کے علاقے میں بھارتی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ جس پر بھارتی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی ۔حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں کسی بھی جانی ومالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن