• news

کوئٹہ: جج کی گاڑی پر بم سے حملہ، محفوظ رہے، ایک شخص جاں بحق، سبی میں فائرنگ، ایس ڈی او اور4 بچوں سمیت6 مارے گئے

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں گاڑی پر بم سے حملہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پرنامعلوم افراد نے آلٹو گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد سے انسداد دہشت گردی کے سپیشل جج نذیر لانگو کی گاڑی کو نشانہ بنایا تاہم وہ دھماکے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ دھماکے میں ایک شخص عذیر جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت30افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے ڈی ایس پی کی گاڑی سمیت6گاڑیاںاور متعدد دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورفرنٹیر کور کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکرزخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنائی دی دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کی کھڑکیوں اور دکانوں کے شوکیسوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق بم دھماکے میں 40سے 50کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جو ایک آلٹو گاڑی میں نصب کیا گیا تھا جبکہ سبی کے علاقے ٹھڑی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کے ایس ڈی کو 4 بچوں اور ایک نوجوان سمیت قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ہلاک وزخمی ہونیوالوں کا تعلق عمرانی قبائل ایک ہی خاندان سے ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ معراج عمرانی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ڈیرہ مرادجمالی سے کوئٹہ جارہے تھے کہ جب مٹھڑی کے قریب پہنچے تو نامعلوم افراد نے انکی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں خاندان کے سربراہ ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ معراج عمرانی چار کمسن بچو ں سمیت چھ افراد جاںبحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون دو بچیوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سول ہسپتال سبی میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی جبکہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرئے میں لے لیا تاہم حملہ آورواردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ سبی سے رضاکار تنظیموں کے رضاکار اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروئیواں میں حصہ لیا۔ادھر ضلع لورالائی کے تحصیل دکی کے علاقہ لونی میں روڈ کنارے بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق موٹرسائیکل مکمل تباہ ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن