ای او بی آئی سکینڈل، پرویز اشرف کیخلاف ریفرنس دائر، سابق چیئرمین ظفر گوندل شریک مجرم
اسلام آباد(آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق وزیراعظم پر داماد کو غیر قانونی طور پر ورلڈ بینک میں ملازمت دلانے، غیر قانونی تقرریاں کرنے اور قومی خزانے کو 60 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کردیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں منگل کو ای او بی آئی سکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت میں نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف مالی بدعنوانیوں اور غیر قانونی تقرریوں سے متعلق ریفرنس دائر کیا گیا، ریفرنس میں سابق ای او بی آئی چیئرمین ظفر اقبال گوندل کو بھی ملزم ٹھہرایا گیا۔ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزموں نے قومی خزانے کو 60ارب روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے داماد کو ورلڈ بینک میں نوکری دلائی، نہ صرف یہ بلکہ دیگر کئی اور غیر قانونی بھرتیاں بھی کیں۔ ذرائع کے مطابق ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر اقبال گوندل کی تقرری بھی غیر قانونی ہے جو راجہ پرویز اشرف کے حکم پر کی گئی۔ نیب ترجمان کے مطابق راجہ پرویز اشرف اور ظفر اقبال گوندل کیخلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائرکیے گئے ہیں۔