اپوزیشن نے خیبر پی کے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھا، حکومت کی منانے کیلئے کوششیں ناکام
پشاور (آئی این پی) خیبر پی کے اسمبلی کے حکومتی ارکان کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی اپوزیشن کو منانے میں کامیاب نہ ہو سکی اور اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھا اور دوسرے روز بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں اسمبلی نے خیبر پختونخوا زکواۃ اینڈ عشر بل کی منظوری دے دی تاہم سپیکر نے صوبائی وزراء شہرام ترکئی ٗ عنایت اللہ اور دیگر حکومتی اراکین اسمبلی کی قیادت میں ایک کمیٹی اپوزیشن کو منانے اور اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لئے تشکیل دے کر اجلاس جمعہ کی سہ پہر تک ملتوی کر دیا۔ اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات مشتاق غنی نے پوائنٹ آف آرڈر پر ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سوات سے کراچی جانے والی مسافر گاڑی کو خیر پور کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ صوبائی حکومت حادثے میں جاں بحق ہونے والے اس صوبے کے باشندوں کی نعشوں کو آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پر ایوان میں خیر پور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔