• news

لاہور: داعش کے حمایتیوں کیخلاف پولیس متحرک، ملتان میں 8گرفتار

لاہور (نامہ نگار+ ایجنسیاں) لاہور پولیس کو داعش کے پوسٹر اور سٹکرز لگانے والوں کیخلاف کارروائی کے سخت احکامات جاری کر دئیے گئے،کسی بھی علاقے میں رپورٹ کی ذمہ داری متعلقہ ایس ایچ اوپر ہو گی، پرنٹنگ پریسز کی بھی مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ نواب ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ ، چوہنگ اور کینال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں دو روز کے دوران داعش کے پوسٹرز اور سٹکرز لگے دیکھے گئے تھے جس کے بعد پولیس کو متحرک کر دیا گیا جبکہ شہریوں کو بھی داعش کے ہمدردوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے کہا جا رہا ہے۔ دریں اثناء ملتان میں حساس اداروں کی کارروائی کے دوران داعش سے تعلق رکھنے کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ سی پی او ملتان نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات حساس اداروں نے کارروائی کی اور ملتان میں فلائی اوور‘ ملتان چونگی سمیت دیگر علاقوں میں داعش کے پوسٹر آویزاں اور انہیں خوش آمدید کہنے والے 8 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ادھر ملتان کے نواحی علاقے جہانیاں میں بھی ’’داعش‘‘ کی حمایت میں وال چاکنگ پر ایجنسیاں حرکت میں آ گئیں، پولیس نے وال چاکنگ مٹا دی۔ تفصیل کے مطابق جہانیاں کے نواحی گائوں چک نمبر 138دس آر میں ’’داعش‘‘ کی حمایت میں وال چاکنگ کی گئی جس سے علاقہ بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ای پیپر-دی نیشن